سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت دیگر خلیجی ریاستوں میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے۔ سعودی شاہی دیوان کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا گیا ہے کہ مملکت میں پہلا روزہ (آج) 18 فروری بروز بدھ کو ہوگا۔سعودی عرب میں چاند دیکھنے کے لیے حوطہ سدیر کے مقام پر ایک بڑا اجلاس منعقد ہوا، جہاں پہلی بار جدید ترین ٹیکنالوجی اور سائنسی آلات کا استعمال کیا گیا۔ شاہی دیوان کے مطابق مملکت کے 7 مختلف مقامات پر بھی چاند دیکھنے کے لیے خصوصی اجلاس ہوئے، جن میں موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر چاند کی رویت کا حتمی اعلان کیا گیا۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی رمضان کا چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اماراتی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ابوظبی کے تاریخی قلعہ ”قصر الحصن“ میں ہوا، جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ یو اے ای میں پہلا روزہ آج ہوگا۔ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات نے یو اے ای میں چاند کی رویت کو مشکل قرار دیا تھا، تاہم حکومت کی اپیل پر عوامی سطح پر بھی چاند کی تلاش کی گئی۔ ادھر قطر میں بھی سرکاری سطح پر آج 18 فروری کو یکم رمضان ہونے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب انڈونیشیا، ملائیشیا اور سنگاپور سمیت جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث وہاں پہلا روزہ 19 فروری بروز جمعرات کو ہوگا جبکہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بدھ کو پشاور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں کل چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، جس کی صورت میں پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری جمعرات کو ہونے کا امکان ہے