اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چائے کی پیداوار اور فروخت کی نگرانی اور ٹیکس چوری روکنے کے لیے پیک شدہ چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا بارکوڈ لگانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ ایف بی آر نے تمام مینوفیکچررز اور پیکرز کو 10 دسمبر تک نظام نصب کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اطلاق بلیک ٹی، گرین ٹی، فلیورڈ ٹی، ٹی بیگز، انسٹنٹ ٹی، چائے کے عرق اور چائے پر مشتمل مختلف پری مکسز سمیت تمام اقسام کی پیک شدہ چائے پر ہوگا۔ اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر جاری کر دیا ہے جس کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پیک شدہ چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک مانیٹرنگ لازمی قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں چائے کی تیاری، مختلف اقسام کی آمیزش اور ریٹیل پیکنگ میں مصروف تمام رجسٹرڈ اداروں، بشمول ٹول اور کنٹریکٹ پیکرز کو مقررہ الیکٹرانک پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم نصب اور فعال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ پیکجڈ چائے بنانے اور پیک کرنے والی کمپنیوں کے لیے جاری کردہ نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ چائے کے ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کے لیے الگ بارکوڈ رجسٹر کروانا ہوگا، چائے کی پیداوار اور پیکنگ کا ڈیٹا فوری طور پر ایف بی آر کو منتقل ہوگا، نئے یا تبدیل شدہ پیکج کی رجسٹریشن پیکنگ سے 7 دن پہلے کروانا ہوگی۔ سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کے مطابق چائے کی پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو 10 دسمبر تک مانیٹرنگ سسٹم لگانا ہوگا، دستی طریقے سے پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو بھی اسکیننگ کا انتظام کرنا ہوگا جبکہ بارکوڈ ہٹانے، چھپانے یا تبدیل کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
Leave a Reply
Cancel ReplyRelated News
Popular News
VOTE FOR CHAMPION
fifa world cup 2026
Recent News
Get Latest News
Subscribe to our newsletter to get the latest news and exclusive updates.